غزہ: دو سال بعد اسلامک یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، تباہ حال عمارتوں میں کلاسوں کا آغاز
غزہ: دو سال بعد اسلامک یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، تباہ حال عمارتوں میں کلاسوں کا آغاز
غزہ: طویل جنگی وقفے کے بعد غزہ میں اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔
اسلامک یونیورسٹی آف غزہ نے دو برس بعد پہلی مرتبہ باقاعدہ کلاسز کا آغاز کردیا ہے، جہاں طلبہ بمباری سے متاثرہ عمارتوں میں واپس لوٹ آئے ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے دوران یونیورسٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا تھا، جبکہ متعدد شعبوں کی عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئی تھیں۔ اس کے باوجود شعبہ طب اور ہیلتھ سائنسز سے تعلق رکھنے والے طلبہ ٹوٹی ہوئی دیواروں اور مرمت شدہ کمروں میں اپنی تعلیم دوبارہ شروع کرنے پہنچ گئے۔
گزشتہ دو سال کے دوران نہ صرف روایتی کلاسز معطل رہیں بلکہ آن لائن تدریس بھی نقل مکانی، توانائی بحران اور ٹیکنالوجی کی کمی کے باعث جاری نہ رہ سکی۔
مقامی حکام کے مطابق جنگ میں 165 تعلیمی ادارے مکمل طور پر تباہ جبکہ 392 عمارتیں جزوی طور پر متاثر ہوئیں، جس سے پورا تعلیمی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا۔
اسلامک یونیورسٹی کی کئی عمارتیں اب بھی بے گھر فلسطینی خاندانوں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہیں۔
انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فی الفور متبادل رہائش فراہم کی جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔
یونیورسٹی کے صدر نے تدریسی عمل کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلاسز بتدریج کھولی جا رہی ہیں۔
انہوں نے طلبہ کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے عزم کی علامت ہے کہ مشکل ترین حالات کے باوجود فلسطینی قوم علم اور تعلیم سے اپنا رشتہ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









