’’مسئلہ زدہ ممالک‘‘ کے افراد کو امریکا میں داخل نہیں ہونے دیں گے، ٹرمپ
’’مسئلہ زدہ ممالک‘‘ کے افراد کو امریکا میں داخل نہیں ہونے دیں گے، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایسے افراد کو امریکا میں داخل نہیں ہونے دینا چاہتے جنہیں وہ ’’مسئلہ زدہ ممالک‘‘ سے تعلق رکھنے والا قرار دیتے ہیں۔
ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پناہ گزینوں کی درخواستوں پر فیصلوں کی معطلی قریبی مستقبل میں ختم ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے لیے کسی مخصوص مدت کا تعین نہیں کیا گیا اور یہ طویل عرصے تک برقرار رہ سکتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو پہلے ہی متعدد داخلی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے وہ ایسے افراد کو ملک میں داخل نہیں ہونے دینا چاہتے جنہیں وہ ’’مسئلہ زدہ ممالک‘‘ سے تعلق رکھنے والا قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض ترقی پذیر ممالک نہ صرف جرائم میں مبتلا ہیں بلکہ اپنے شہریوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
ٹرمپ نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر وہ اپنے لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے، تو ہمیں بھی ایسے افراد کی ضرورت نہیں۔
گفتگو کے دوران امریکی صدر نے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس الہان عمر پر بھی تنقید کی۔ الہان عمر، جو دو دہائیاں قبل پناہ گزین کی حیثیت سے امریکا پہنچی تھیں، کانگریس کی پہلی صومالی نژاد خاتون رکن ہیں۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی صومالیہ سمیت کئی ممالک کو ایسے ممالک کی مثال کے طور پر پیش کرتے رہے ہیں جن کے شہریوں کی امریکا آمد پر وہ معترض ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








