منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

کرپشن کیسز: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی صدر سے معافی کی اپیل

02 دسمبر, 2025 08:35

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کرپشن مقدمات میں بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک کے صدر اسحاق ہرزیوگ سے باضابطہ طور پر معافی اور مقدمات کے خاتمے کی درخواست کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ انہیں ’’یکسوئی‘‘ کے ساتھ قومی معاملات نمٹانے کی ضرورت ہے۔

نیتن یاہو نے اپنی اپیل میں دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف جاری کرپشن کیسز نہ صرف وقت ضائع کرتے ہیں بلکہ ریاستی فیصلوں کی رفتار بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے حماس اور حزب اللہ کے خلاف کارروائیوں کو ’’اہم کامیابیاں‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں قومی سلامتی پر مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے، لہٰذا مقدمات میں استثنیٰ ملک کے مفاد میں ہوگا۔

دوسری جانب صدر اسحاق ہرزیوگ نے وزیراعظم کی درخواست پر اپنا ابتدائی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا فیصلہ کرتے وقت صرف ’’ریاست اور اسرائیلی معاشرے کے مفاد‘‘ کو مدنظر رکھیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی دباؤ یا سخت بیانات ان کے فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوں گے۔

صدر نے اعتراف کیا کہ معافی کی یہ درخواست ملک کے مختلف طبقات میں بے چینی، تقسیم اور شدید بحث و مباحثے کا باعث بنی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صدراتی ویب سائٹ پر اس مسئلے سے متعلق اپنی رائے دیں تاکہ وسیع تر سماجی نقطہ نظر ان کے فیصلے کا حصہ بن سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’احترام کے ساتھ کی جانے والی تنقید اور اصلاحی گفتگو خوش آئند ہے‘‘، اور وہ اس معاملے کو نہایت احتیاط سے زیرِ غور لائیں گے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔