بدھ، 17-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/26هـ (17-12-2025م)

عوامی عہدیدار کا حجاب کو زبردستی ہٹانا عورت کی عزت پر حملہ ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی شدید تنقید

17 دسمبر, 2025 09:40

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے کہا ہے کہ کسی عوامی عہدیدار کی جانب سے حجاب کو زبردستی ہٹانا عورت کی عزت، شناخت اور ذاتی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف قابلِ مذمت ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو بھی بڑھاتے ہیں۔

یہ بیان بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ایک متنازع واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایک سرکاری تقریب کے دوران ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا۔ واقعہ دارالحکومت پٹنہ میں پیش آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے اپنے مؤقف میں کہا کہ خواتین کو اپنے لباس کے انتخاب کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی بھی صورت میں ان کی مرضی کے خلاف اس میں مداخلت ناقابلِ قبول ہے۔ تنظیم کے مطابق ایسے واقعات اقلیتی خواتین کے لیے عدم تحفظ کے احساس کو مزید گہرا کرتے ہیں۔

دوسری جانب بھارت میں انسانی حقوق کے کارکنوں اور سماجی رہنماؤں نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے بھارت میں اقلیتی خواتین کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمے دار افراد کے خلاف فوری، شفاف اور غیر جانبدار کارروائی کی جائے۔

اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک خاتون ڈاکٹر جو اپائنٹمنٹ لیٹر لینے آئی تھیں، ان کے ساتھ اس طرح کا رویہ انتہائی شرمناک ہے اور کسی صورت قابلِ معافی نہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں مذہبی آزادی، خواتین کے حقوق اور عوامی عہدیداروں کے طرزِ عمل پر بحث کو تیز کر رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔