بدھ، 17-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/26هـ (17-12-2025م)

اسرائیلی ہٹ دھرمی برقرار، کینیڈین اراکینِ پارلیمنٹ کو مغربی کنارے میں داخلے سے روک دیا

17 دسمبر, 2025 07:49

اسرائیل نے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ہونے والے مظالم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کی کوشش کی ہے۔

صیہونی حکومت نے کینیڈا کے اراکینِ پارلیمنٹ پر مشتمل ایک وفد کو مغربی کنارے میں داخلے سے روک کر بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اقدار کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کا 30 رکنی وفد، جس میں چھ منتخب اراکینِ پارلیمنٹ شامل تھے، اردن کے ایلن بی کراسنگ کے راستے مغربی کنارے جانا چاہتا تھا۔ تاہم اسرائیلی حکام نے وفد کو روک لیا اور داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں اسرائیل کے اقدامات پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے وفد کے تمام ارکان سے ایک متنازع دستاویز پر دستخط کا مطالبہ کیا، جس میں انہیں خود کو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینا تھا۔ وفد نے اس توہین آمیز شرط کو مسترد کر دیا، جس کے بعد انہیں زبردستی واپس جانے پر مجبور کر دیا گیا۔

کینیڈین حکام نے اسرائیل کے اس رویے کو انتہائی تشویشناک اور مایوس کن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل کے اس منظم طرزِ عمل کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ مقبوضہ علاقوں میں زمینی حقائق، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کی حالت زار کو دیکھنے والوں کو روکنا چاہتا ہے۔

وفد میں پاکستانی نژاد کینیڈین اراکینِ پارلیمنٹ اسلم رانا اور اقرا خالد بھی شامل تھیں، جنہوں نے کہا کہ وفد کا مقصد کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں بلکہ حالات کا غیر جانبدارانہ مشاہدہ اور حقائق کو دنیا کے سامنے لانا تھا۔ ان کے مطابق اسرائیل کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سچ کو سامنے آنے سے خوفزدہ ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے منتخب غیر ملکی نمائندوں کو روکنا اس کے جمہوری دعوؤں پر ایک اور سوالیہ نشان ہے۔ ناقدین کے مطابق اگر اسرائیل کے اقدامات درست اور قانونی ہوتے تو اسے عالمی پارلیمانی وفود کے دوروں سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہ ہوتی۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں میں آزادانہ مشاہدے، شفافیت اور جوابدہی سے مسلسل گریز کر رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی اس ہٹ دھرمی کو مزید تقویت دے رہی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔