ٹرمپ انتظامیہ نے گرین کارڈ لاٹری پروگرام معطل کرنے کا اعلان کردیا

Bad news for applicants of the US Green Card Lottery
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر امریکا کی وزارتِ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے گرین کارڈ لاٹری (ڈائیورسٹی ویزا پروگرام) کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے کہا کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور پروگرام کے تحت نئے درخواست دہندگان کا اندراج بند کر دیا جائے گا۔ کرسٹی نوم نے وضاحت کی کہ یہ اقدام حالیہ فائرنگ کے واقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کرنے والا شخص 2017 میں گرین کارڈ لاٹری پروگرام کے ذریعے امریکا آیا تھا، جس نے ملکی سلامتی کے حوالے سے خدشات پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے افراد کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ پولیس کے مطابق براؤن یونیورسٹی کے واقعے میں مشتبہ حملہ آور ہلاک ہو چکا ہے۔
ڈائیورسٹی ویزا پروگرام کے تحت ہر سال تقریباً 50 ہزار افراد کو لاٹری کے ذریعے گرین کارڈ فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ افراد ان ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جہاں امریکا میں تارکینِ وطن کی تعداد کم ہے۔ تاہم پروگرام کے تحت منتخب ہونے کے بعد امیدواروں کو مکمل جانچ، پس منظر کی چھان بین اور انٹرویو سے گزرنا پڑتا ہے تاکہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس فیصلے سے امریکی امیگریشن کے قوانین سخت ہو جائیں گے اور مستقبل میں غیر ملکیوں کے امریکا آنے کے امکانات محدود ہو جائیں گے۔ حکام نے کہا کہ یہ اقدام ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












