رشوت اسکینڈل: بھارتی فوج کا حاضر سروس لیفٹیننٹ کرنل سی بی آئی کے ہتھے چڑھ گیا، کروڑوں روپے برآمد

رشوت اسکینڈل: بھارتی فوج کا حاضر سروس لیفٹیننٹ کرنل سی بی آئی کے ہتھے چڑھ گیا، کروڑوں روپے برآمد
بھارتی فوج میں کرپشن کا ایک اور سنگین معاملہ سامنے آ گیا ہے جہاں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے رشوت خوری کے الزام میں ایک حاضر سروس لیفٹیننٹ کرنل اور اس کے قریبی ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں نقد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افسر کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما کے طور پر کی گئی ہے۔
سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ دہلی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے 2 کروڑ 23 لاکھ روپے جبکہ ان کی اہلیہ کرنل کاجل بالی سے منسوب سری گنگاناگر کے مقام سے مزید 10 لاکھ روپے ضبط کیے گئے۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل دیپک شرما وزارتِ دفاع کے تحت محکمہ دفاعی پیداوار میں انٹرنیشنل کوآپریشن اور ایکسپورٹس کے ڈپٹی پلاننگ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اسی عہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے مبینہ طور پر نجی دفاعی کمپنیوں کو غیر قانونی سہولیات فراہم کیں۔
سی بی آئی نے اس کیس میں وِنود کمار نامی شخص کو بھی گرفتار کیا ہے، جو رشوت کے لین دین میں بطور سہولت کار اور رابطہ کار کردار ادا کر رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک نجی دفاعی کمپنی کے بھارتی آپریشنز بنگلور سے راجیو یادو اور راوِجیت سنگھ چلا رہے تھے، جو لیفٹیننٹ کرنل شرما کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
سی بی آئی کے مطابق 18 دسمبر کو وِنود کمار نے مذکورہ کمپنی کی جانب سے لیفٹیننٹ کرنل شرما کو 3 لاکھ روپے بطور رشوت ادا کیے تھے۔ تفتیش کے دوران اہم دستاویزات اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔
دونوں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے 23 دسمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں دفاعی شعبے میں کرپشن کے الزامات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں۔
2001 میں تہلکہ کی تحقیقی رپورٹ آپریشن ویسٹ اینڈ نے دفاعی سودوں میں بدعنوانی کو بے نقاب کیا تھا، جبکہ 2006 میں براک میزائل اسکینڈل نے بھی بھارتی نظام پر کئی سوالات اٹھائے تھے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












