لیبیا کے آرمی چیف ترکیہ میں طیارہ حادثے میں ہلاک

لیبیا کے آرمی چیف ترکیہ میں طیارہ حادثے میں ہلاک
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے لیبیا کے شہر طرابلس کے لیے روانہ ہونے والا ایک طیارہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد علی الحداد جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق طیارہ انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے دوران اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ روانگی کے تقریباً 30 منٹ بعد طیارے کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ پائلٹ نے طیارے کو واپس انقرہ لانے کی کوشش کی، مگر لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے وقت طیارے میں 5 افراد سوار تھے، جن میں لیبیا کے فوجی سربراہ بھی شامل تھے۔ لیبیا کے وزیرِاعظم عبدالحمید الدبیبہ نے جنرل محمد علی الحداد کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنرل محمد علی الحداد ترکیہ کے سرکاری دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ترک وزیرِ دفاع سے ملاقات کی۔ واپسی کے سفر کے دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
واقعے کے بعد ترکیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سیکیورٹی اداروں کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا۔
ترک وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ طیارہ شام 8 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوا تھا، جبکہ 8 بج کر 52 منٹ پر اس کا کنٹرول روم سے رابطہ ختم ہو گیا۔ حیمانہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع تو موصول ہوئی، مگر اس کے بعد طیارے سے کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












