منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا انتقال کر گئیں

30 دسمبر, 2025 08:30

ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

خالدہ ضیا طویل عرصے سے شدید علیل تھیں اور دارالحکومت ڈھاکا کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، وہ جگر کے عارضے سمیت متعدد پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ ایک روز قبل ہی معالجین نے ان کی صحت کو نہایت تشویشناک قرار دیا تھا۔

ان کے علاج کی نگرانی کرنے والے میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم کو لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے اور انہیں باقاعدگی سے ڈائیلاسس کی ضرورت پیش آ رہی تھی۔ ڈائیلاسس کے عمل میں وقفہ آنے پر ان کی حالت مزید بگڑ جاتی تھی، جبکہ بڑھتی عمر اور ایک سے زائد بیماریوں کے باعث مکمل علاج ممکن نہیں رہا تھا۔

خالدہ ضیا بنگلادیش کی نمایاں سیاسی شخصیت تھیں۔ انہوں نے 1991 سے 1996 اور بعد ازاں 2001 سے 2006 تک دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم کے طور پر فرائض انجام دیے۔ وہ بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، جبکہ مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی انہی کو حاصل تھا۔

وہ بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ اپنے سیاسی سفر کے دوران انہیں مختلف کرپشن مقدمات کا سامنا کرنا پڑا اور 2018 میں انہیں پانچ سال قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔