منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

کھیل کے میدان میں بھی مودی کی جارحیت اور نفرت انگیز رویہ برقرار

30 دسمبر, 2025 09:13

بھارت میں کھیل کے میدان کو بھی نفرت اور سیاست کی نذر کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

سیاسی، دفاعی اور سفارتی محاذ پر دباؤ کا شکار بھارتی قیادت اور انتہا پسند عناصر نے اب کرکٹ کو بھی تعصب کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ پاکستان کے بعد اب بنگلادیشی کرکٹرز کو بھی بھارتی انتہا پسند ہندو تنظیموں کی مخالفت کا سامنا ہے۔

انتہا پسند ہندوتوا جماعت شیوسینا نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

ہریانہ میں شیوسینا کے سربراہ نیرج سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ بنگلادیشی کھلاڑیوں کو بھارت میں آئی پی ایل میچز کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نیرج سیٹھی کا کہنا تھا کہ شیوسینا نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیشی کھلاڑی بھارت آئے تو ان کے خلاف احتجاج کیا جائے گا،  بنگلادیش کی جانب سے بھارتی مؤقف کی مخالفت جاری رہی تو مزید میچز پر بھی پابندی کی کوشش کی جائے گی۔

شیوسینا کے اس مؤقف نے عالمی سطح پر بھارت میں کھیل اور سیاست کے گھناؤنے امتزاج کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔

مبصرین کے مطابق آئی پی ایل، جو پہلے ہی مختلف تنازعات اور گرتی ہوئی ساکھ کا شکار ہے، اب ہندوتوا سیاست کی نذر ہو کر جینٹل مین گیم کہلانے والے کرکٹ کی روح کو مزید نقصان پہنچا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان میں نفرت انگیز سیاست کی تشہیر نے بھارت کے انتہا پسند اور متعصب چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے، جس سے نہ صرف کرکٹ بلکہ بین الاقوامی کھیلوں میں بھارت کی ساکھ کو بھی شدید دھچکا پہنچ رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔