افغان طالبان رجیم کے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغانستان میں انسانی جرائم کا بدترین سلسلہ جاری

افغان طالبان رجیم کے اقتدار سنبھالنے کے بعد افغانستان میں انسانی جرائم کا بدترین سلسلہ جاری
بین الاقوامی جریدے دی گارڈین کی ایک تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2021 میں افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان خواتین کے لیے شدید غیر محفوظ ملک بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زمینی حقائق طالبان کے اس مؤقف کی نفی کرتے ہیں کہ وہ خواتین کے حقوق کا احترام کرتے ہیں۔
رپورٹ میں عینی شاہدین اور متاثرہ خواتین کے بیانات شامل ہیں، جن کے مطابق جنوری 2022 میں زرمنہ اور دیگر خواتین نے کابل میں طالبان کی بڑھتی پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے بعد طالبان کے حامیوں نے زرمنہ کے گھر پر دھاوا بول دیا اور خواتین کے خلاف سنگین دھمکیاں دی گئیں۔
دی گارڈین کے مطابق زرمنہ کو 27 دن حراست میں رکھنے کے بعد طالبان نے خبردار کیا کہ دوبارہ آواز اٹھانے کی صورت میں سنگین نتائج ہوں گے۔
زرمنہ کا کہنا ہے کہ وہ اور دیگر خواتین صرف اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زرمنہ برقعہ پہن کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں اور اس وقت جرمنی میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں، تاہم ان کے مطابق وہ وہاں بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتیں کیونکہ انہیں اپنے خاندان کے لیے خطرات کا خدشہ ہے۔
ادھر پیپلز ٹریبونل فار ویمن آف افغانستان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غربت اور جبر کے باعث متعدد افغان لڑکیاں جبری شادیوں یا جنسی استحصال کا شکار ہو رہی ہیں، جو افغانستان کی مجموعی غیر محفوظ صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دی گارڈین کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ طالبان کے اقتدار میں آتے ہی خواتین اور لڑکیوں کی زندگی میں آنے والی محدود بہتری بھی فوری طور پر ختم ہو گئی۔ رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ ابتدا میں پرامن خواتین احتجاجی تحریک کو طاقت کے ذریعے دبایا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ صرف ایک خاندان کی داستان نہیں بلکہ طالبان کے زیرِ اقتدار افغانستان میں مجموعی انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کو نمایاں کرتی ہے، جہاں خواتین کی آواز دبانا اور خوف کے ذریعے معاشرے کو خاموش کرانا معمول بن چکا ہے۔ رپورٹ کو عالمی برادری کے لیے ایک واضح انتباہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











