جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

متحدہ عرب امارات سے یمنی بندرگاہ پر آنے والے سامان میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا؛ عرب اتحاد

31 دسمبر, 2025 10:52

سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے یمن کی جنوبی بندرگاہ مکلا پہنچنے والے سامان میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا۔

عرب اتحاد کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بندرگاہ پر آنے والے کنٹینرز میں ہتھیار بھرے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں یمن کے صوبہ حضرموت کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا جانا تھا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متحدہ عرب امارات نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ مکلا بندرگاہ پر پہنچنے والا سامان اسلحہ نہیں تھا اور یہ اماراتی افواج کے لیے بھیجا گیا تھا۔

عرب اتحاد نے اماراتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مصدقہ معلومات موجود ہیں، جن کے مطابق یہ ہتھیار یمن میں مخصوص مقامات پر تقسیم کیے جانے تھے۔

اتحاد کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت بندرگاہوں پر فوجی سامان اتارنا یمن کی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ یمن میں کسی بھی گروہ کو اسلحہ فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے اقدامات کو روکنے کے لیے ضروری کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس معاملے پر مزید وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم علاقائی سطح پر اس واقعے کو سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے جوڑا جا رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق مکلا بندرگاہ کا معاملہ یمن کی خانہ جنگی میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے، جہاں مختلف علاقائی طاقتوں کے مفادات آمنے سامنے آ رہے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔