امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں قبضہ نہ کر سکیں، ٹرمپ

ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنا چاہیے تاکہ روس یا چین وہاں اثر و رسوخ قائم نہ کر سکیں۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال مالی پہلوؤں پر کوئی بات نہیں ہو رہی اور اس حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ڈنمارک کے ساتھ کسی معاہدے پر بات کرنا چاہتا ہے۔ اگر امریکا نے گرین لینڈ میں دلچسپی نہ لی تو وہاں روس یا چین جیسے ممالک کا اثر بڑھ سکتا ہے، جو امریکا کے لیے ناقابلِ قبول ہوگا۔ امریکا اپنے قریب ایسے پڑوسی نہیں چاہتا۔
وینزویلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اور وینزویلا مل کر دنیا کے تیل کے ذخائر کا بڑا حصہ رکھتے ہیں۔ روس اور چین، امریکا یا وینزویلا سے جتنا چاہیں تیل خرید سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی صنعت کی بحالی پر بات ہو رہی ہے اور اس شعبے میں اربوں ڈالر لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وینزویلا کے تیل سے متعلق فیصلے براہِ راست امریکا کرے گا اور تیل کمپنیاں امریکا کے ساتھ معاہدے کریں گی۔ فوری طور پر کروڑوں بیرل تیل کی ریفائننگ اور فروخت کا آغاز کیا جائے گا جبکہ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
عالمی تنازعات پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کم کروا کر بے شمار جانیں بچائی گئیں اور اس بات کا اعتراف پاکستانی قیادت نے بھی کیا ہے۔
ایران کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر وہاں عام شہریوں کو نقصان پہنچایا گیا تو امریکا ردعمل دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم یہ واضح کیا کہ مداخلت کا مطلب زمینی فوج بھیجنا نہیں ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے امریکا خاموش نہیں رہے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












