حماس کا غزہ کی حکمرانی سے دستبرداری کا فیصلہ

حماس کا غزہ کی حکمرانی سے دستبرداری کا فیصلہ
فلسطینی تنظیم حماس نے غزہ کے انتظامی معاملات سے دستبرداری کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری و انتظامی اداروں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ اختیارات ایک آزاد فلسطینی ادارے کے سپرد کیے جائیں۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں غزہ کے لیے ایک امن کونسل تشکیل دینے کی بات کی گئی تھی۔
حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے تمام اداروں کو واضح احکامات دیے گئے ہیں کہ وہ ایک غیر جانبدار، ٹیکنوکریٹک فلسطینی باڈی کو مکمل انتظامی اختیارات منتقل کریں۔ یہ فیصلہ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں اور یہ اقدام حتمی نوعیت کا ہے۔
حازم قاسم کا کہنا تھا کہ اختیارات کی منتقلی کا مقصد یہ ہے کہ نئی اتھارٹی بغیر کسی رکاوٹ کے عوامی خدمات اور انتظامی ذمہ داریاں انجام دے سکے۔
ان کے مطابق یہ اقدام اس معاہدے کا بھی حصہ ہے جس کے نتیجے میں غزہ میں جنگ بندی ممکن ہوئی، اور جس پر مصر کے شہر شرم الشیخ میں فلسطینی دھڑوں نے دستخط کیے تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سے قبل بھی فلسطینی جماعتوں کے درمیان اتفاق ہو چکا ہے کہ غزہ کا انتظام ایک عبوری فلسطینی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، جو آزاد شخصیات اور مقامی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ یہ اتفاق رائے گزشتہ سال 24 اکتوبر کو قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں طے پایا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم بھی یہ بیان دے چکے ہیں کہ غزہ میں مکمل بااختیار فلسطینی حکومت کے قیام کے بعد حماس انتظامی امور سے علیحدگی اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












