ایران میں اسٹار لنک کے خلاف کارروائی، سیکڑوں سیٹلائٹ ڈیوائسز ضبط

ایران میں اسٹار لنک کے خلاف کارروائی، سیکڑوں سیٹلائٹ ڈیوائسز ضبط
ایرانی حکام نے امریکی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی اسٹار لنک کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اس کے آلات تحویل میں لے لیے ہیں۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی شدید طور پر محدود کر دی گئی ہے۔
حالیہ دنوں میں حکومت نے احتجاجی سرگرمیوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں، جبکہ موبائل فون کالز اور پیغامات کی سہولت بھی جزوی طور پر بند رہی۔ اس پابندی کے دوران صرف سرکاری اداروں، ریاستی میڈیا اور حکومت نواز حلقوں کو مکمل انٹرنیٹ دستیاب رہا۔
انٹرنیٹ بندش کے بعد ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ اسٹار لنک کے ذریعے ایرانی عوام کو مفت اور آزاد انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا۔ تاہم اس اعلان کے فوراً بعد ایرانی سیکیورٹی اداروں نے ملک میں غیر قانونی طور پر موجود سیٹلائٹ انٹرنیٹ ٹرمینلز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں اسٹار لنک ڈیوائسز برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ ایرانی قوانین کے مطابق سیٹلائٹ انٹرنیٹ آلات کی ملک میں درآمد اور استعمال ممنوع ہے، اور یہ ڈیوائسز خفیہ راستوں سے ملک میں پہنچائی جاتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 2022 میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ایران میں اسٹار لنک ٹرمینلز کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد حکام نے ان پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی تھی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








