ایران پر امریکی حملہ کسی بھی وقت ممکن ہے، برطانوی میڈیا

ایران پر امریکی حملہ کسی بھی وقت ممکن ہے، برطانوی میڈیا
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور ایران کے خلاف امریکی فوجی اقدام کے خدشات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا میں شائع رپورٹس میں مغربی دفاعی حلقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کسی بھی وقت عمل میں لائی جا سکتی ہے، حتیٰ کہ اگلے ایک دن کے اندر بھی یہ قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکمتِ عملی میں غیر یقینی صورتحال کو جان بوجھ کر برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ اہداف کو حیران کیا جا سکے۔ اسی تناظر میں اسرائیلی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن آئندہ چند دنوں میں ایران کے خلاف محدود یا وسیع نوعیت کا حملہ کر سکتا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے معاملے میں مداخلت کا ذہن بنا چکے ہیں، تاہم کارروائی کی نوعیت اور حتمی وقت پر ابھی غور جاری ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کے ساتھ سخت سلوک اور سزاؤں پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے تہران کو سنگین نتائج کی وارننگ دی تھی۔
ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر کئی ممالک نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اسپین، پولینڈ، اٹلی، بھارت اور دیگر ریاستوں نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں سے اہلکاروں کی مرحلہ وار واپسی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب ایران نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکی سمیت علاقائی ممالک کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ان ممالک میں موجود امریکی اڈے بھی جوابی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








