روس پاکستان تعلقات حقیقی معنوں میں باہمی طور پر مفید ہیں، پیوٹن

روس پاکستان تعلقات حقیقی معنوں میں باہمی طور پر مفید ہیں، پیوٹن
ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مثبت اور باہمی مفاد پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
یہ بات روس میں پاکستان کے نئے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی جانب سے سفارتی اسناد پیش کیے جانے کے موقع پر کہی گئی۔ روسی سفارتخانے نے اس ملاقات کے دوران صدر پیوٹن کی پاک روس تعلقات پر گفتگو کی تفصیلات جاری کیں۔
صدر پیوٹن نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا باقاعدہ رکن ہے اور یہ تنظیم خطے کی اہم ترین علاقائی تنظیموں میں شمار ہوتی ہے، جو علاقائی استحکام اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات حقیقی معنوں میں سودمند ہیں اور مختلف شعبوں میں اشتراک عمل کو مزید آگے بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ روس میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ فیصل نیاز ترمذی نے اکتوبر 2025 میں روس میں پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











