ایران پر کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ میرا اپنا تھا، کسی کے کہنے پر نہیں کیا: ٹرمپ

ایران پر کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ میرا اپنا تھا، کسی کے کہنے پر نہیں کیا: ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ انہوں نے کسی بیرونی دباؤ یا مشورے کے تحت نہیں بلکہ اپنی ذاتی سوچ کے بعد کیا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ آیا عرب ممالک یا اسرائیلی قیادت نے انہیں ایران پر حملہ نہ کرنے پر آمادہ کیا۔ اس پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نے قائل نہیں کیا بلکہ انہوں نے خود ہی اس فیصلے پر اطمینان حاصل کیا۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی انکشاف کیا کہ ایران میں ایک دن قبل سینکڑوں افراد کو سزائے موت دیے جانے کا امکان تھا، تاہم یہ سزائیں عمل میں نہیں آئیں، جس کے اثرات ان کے فیصلے پر نمایاں طور پر مرتب ہوئے۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پیغام میں ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس اقدام کو سراہتے ہیں کہ جن افراد کو پھانسی دی جانی تھی، انہیں اب یہ سزا نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ سے ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے حوالے سے کشیدگی پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











