بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

غزہ بورڈ آف پیس اقوام متحدہ کا متبادل نہیں ہوگا، ٹرمپ کا واضح مؤقف

21 جنوری, 2026 09:18

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے اور عالمی معاملات میں اس کا وجود ضروری ہے۔

صدر ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا ایک سال مکمل ہونے پر وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ سے متعلق جو بورڈ آف پیس تجویز کیا گیا ہے، اس کا مقصد صرف امن کے لیے اضافی کردار ادا کرنا ہے، نہ کہ اقوام متحدہ کی جگہ لینا۔ انہوں نے کہا کہ یو این ایک بڑا عالمی ادارہ ہے اور اسے کام کرنے دینا چاہیے۔

امریکی صدر نے نیٹو کے حوالے سے بھی بڑے دعوے کیے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے لیے جتنا کام انہوں نے کیا، اتنا کسی اور صدر نے نہیں کیا۔ ان کے مطابق اگر وہ نیٹو کا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج یہ اتحاد باقی نہ رہتا۔

ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ اس حوالے سے ایسا حل نکالا جائے گا جس سے امریکا بھی خوش ہو اور نیٹو بھی مطمئن ہو جائے۔ تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں دیں۔

اسی پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ پیرس میں ہونے والے G7 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی ترجیحات مختلف ہیں اور وہ داخلی معاملات پر زیادہ توجہ دینا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکا۔ ان کے مطابق اگر جنگ ہوتی تو 10 سے 20 ملین لوگ مارے جا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ امریکا کی مداخلت سے بڑی تباہی ٹل گئی۔

ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق سپریم کورٹ کیس پر بھی بات کی اور کہا کہ اگر امریکا یہ کیس ہار گیا تو سیکڑوں ارب ڈالر کے ٹیرف واپس کرنا پڑ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیرف قانونی طور پر نافذ کیے گئے تھے لیکن اگر فیصلہ خلاف آیا تو کئی لوگ متاثر ہوں گے۔

آخر میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ سابق وینزویلا صدر مادورو سے جیل میں ملاقات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور امریکا اپنی خارجہ پالیسی میں سخت مؤقف برقرار رکھے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔