ڈیوس میں فرانس کے صدر میکرون نے چشمہ کیوں پہنا؟ اصل وجہ سامنے آگئی

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے منگل کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران ہال کے اندر کالا چشمہ پہن کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
ابتدا میں کئی لوگوں نے سمجھا کہ یہ کوئی فیشن یا سیاسی پیغام ہے، تاہم اصل وجہ طبی نکلی۔
امریکی اخبار کے مطابق صدر میکرون نے نیلے رنگ کے ایوی ایٹر طرز کے چشمے آنکھ کے ایک طبی مسئلے کی وجہ سے پہنے تھے۔ اپنی 18 منٹ کی تقریر کے دوران انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی، لیکن یہ چشمہ پہلی بار گزشتہ ہفتے اس وقت دیکھا گیا تھا جب انہوں نے نئے سال کے موقع پر فرانسیسی مسلح افواج سے خطاب کیا تھا۔
اس موقع پر صدر میکرون نے عارضی طور پر چشمہ اتار کر بتایا تھا کہ ان کی دائیں آنکھ میں سوجن ہے، جس کی وجہ سے آنکھ غیر معمولی لگ رہی ہے، لیکن یہ مسئلہ خطرناک نہیں ہے۔
فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر میکرون کی آنکھ میں خون کی ایک باریک رگ پھٹ گئی تھی، جسے طبی زبان میں سب کونجَنکٹائیول ہیمریج کہا جاتا ہے۔ یہ کیفیت چوٹ لگنے، شدید کھانسی یا چھینک آنے، بلند فشارِ خون یا خون پتلا کرنے والی ادویات کے استعمال سے ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ عموماً بغیر علاج کے دو ہفتوں میں خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اس چشمے کو سیاسی پیغام بھی قرار دیا اور کہا کہ شاید صدر میکرون امریکا کی جانب سے فرانسیسی شراب اور شیمپین پر ممکنہ بھاری ٹیکس یا گرین لینڈ سے متعلق بیانات کے جواب میں کوئی اشارہ دے رہے ہیں۔
صدر میکرون ماضی میں بھی اپنے لباس کے ذریعے پیغام دیتے رہے ہیں۔ 2022 میں یورپ کو توانائی بحران کا سامنا تھا تو انہوں نے ٹرٹل نیک سویٹر پہن کر عوام سے سادگی اختیار کرنے کی اپیل کی تھی۔
کچھ افراد نے چشمہ پہنے صدر میکرون کا موازنہ فلم ٹاپ گن میں ٹام کروز سے کیا، جبکہ بعض کو سابق امریکی صدر جو بائیڈن یاد آئے جو ایوی ایٹر چشمے پہننے کے شوقین ہیں۔
تاحال صدر میکرون کے دفتر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










