جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

ٹرمپ مسئلہ کشمیر کو بھی بورڈ آف پیس میں لاسکتے ہیں، بھارت کو خدشہ

26 جنوری, 2026 10:39

لندن: برطانوی میڈیا کے مطابق بھارت کو خدشہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ دنوں مسئلہ کشمیر کو بھی غزہ بورڈ آف پیس کے دائرہ کار میں شامل کرسکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے غزہ میں تعمیر نو اور امن عمل کے لیے بھارت کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، تاہم بھارت نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرے گا یا نہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا بنیادی مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور غزہ میں ایک عبوری نظام کی نگرانی کرنا ہے تاکہ انسانی امداد اور تعمیر نو کا عمل ممکن بنایا جا سکے۔

اب تک پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک بورڈ میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 59 ممالک نے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ ڈیووس میں ہونے والی تقریب میں 19 ممالک کے نمائندے موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا، لیکن وہ شرکت کے لیے نہیں آئے۔ اس عدم شرکت کے بعد بھارت میں یہ بحث تیز ہوگئی ہے کہ آیا اسے اس بورڈ کا حصہ بننا چاہیے یا نہیں۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر بھارت غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہوتا ہے تو اس کے مغربی ایشیا کے ممالک سے تعلقات اور امریکا کے ساتھ سفارتی روابط متاثر ہوسکتے ہیں۔ اسی تناظر میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ کل کو مسئلہ کشمیر کو بھی اسی پلیٹ فارم پر اٹھا سکتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ صرف امریکا کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں کامیابی کے بعد اس ماڈل کو دیگر تنازعات پر بھی لاگو کیا جا سکتا ہے۔

بھارت کے سابق سفیر اکبر الدین کا کہنا ہے کہ بھارت کو بورڈ آف پیس میں شامل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2803 سے متصادم ہو سکتا ہے اور بورڈ میں شمولیت بھارت کو اس کے فیصلوں کی توثیق کا ذریعہ بنا سکتی ہے۔

ایک اور سابق سفیر رنجیت رائے نے کہا کہ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کی کوئی واضح مدت مقرر نہیں ہے اور مستقبل میں اسے غزہ سے باہر دیگر عالمی تنازعات کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔