جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

امریکا و اسرائیل دہشتگردی کی معاونت کررہے ہیں، ایران کا عالمی اداروں کو باضابطہ پیغام

27 جنوری, 2026 10:29

تہران: ایران نے عالمی برادری کو آگاہ کر دیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل مبینہ طور پر دہشتگردی کی سرگرمیوں کی معاونت میں ملوث ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر بین الاقوامی اداروں کو شواہد کے ساتھ اعتماد میں لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی انسداد دہشتگردی فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کیں، جہاں سے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ افراد اسرائیل کی خفیہ ایجنسی سے منسلک تھے اور ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایرانی میڈیا نے گرفتار افراد کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں، جن میں وہ مبینہ طور پر اپنے نیٹ ورک اور سرگرمیوں کے بارے میں اعتراف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ عناصر حساس مقامات پر تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے عالمی اداروں کو ایک باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے دہشتگرد گروہوں کی مدد کر رہے ہیں۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی بیرونی مداخلت کو اپنی خودمختاری کے خلاف سمجھتا ہے اور ایسے اقدامات کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

گزشتہ روز جاری بیان میں ایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایران اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ایرانی حکام کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ عالمی طاقتیں دوہرا معیار ترک کریں اور دہشتگردی کے خلاف یکساں اور سنجیدہ مؤقف اختیار کریں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔