جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

اپنی زمین اور فضا ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، سعودی ولی عہد کی ایرانی صدر کو یقین دہانی

28 جنوری, 2026 10:07

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت یا اشتعال انگیزی کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنی زمین اور فضائی حدود ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔ کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کی جائے گی جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے۔

اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ عالمی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے جنگ روکنے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایران آج بھی کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت کرتا ہے جو کشیدگی کم کرے۔

ایرانی صدر نے امریکی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات خطے میں عدم استحکام کو بڑھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی نفسیاتی جنگ اور دباؤ کی پالیسی خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔

مسعود پزشکیان نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کی ضمانت بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کا بحری بیڑا، جس میں یو ایس ایس ابراہم لنکن طیارہ بردار جہاز بھی شامل ہے، حال ہی میں مشرق وسطیٰ پہنچا ہے۔ یہ تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ بحری بیڑا خطے میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ تاہم ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ بدستور برقرار ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔