سندھ طاس معاہدے پر بھارتی ہٹ دھرمی، عالمی امن کے لیے سنگین چیلنج

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی میزبانی میں 30 جنوری کو ایک آریا فارمولہ اجلاس منعقد ہوا، جس کا موضوع “معاہدات کی حرمت کے تحفظ” تھا۔ اجلاس کا مقصد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کے غیر قانونی اقدام پر بین الاقوامی سطح پر بحث اور آگاہی پیدا کرنا تھا۔
اجلاس میں دنیا کے مختلف خطوں سے سلامتی کونسل کے چالیس رکن ممالک نے شرکت کی، تاہم بھارت اس غیر رسمی اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔ آریا فارمولہ اجلاس سلامتی کونسل کا ایک غیر رسمی اور خفیہ فورم ہوتا ہے، جسے کوئی بھی رکن ملک طلب کر سکتا ہے۔ اس فورم کے ذریعے بین الاقوامی تنظیموں، غیر ریاستی اداروں اور سلامتی کونسل سے باہر کے ممالک کے اعلیٰ حکام سے براہِ راست تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔
اجلاس کے دوران اقوامِ متحدہ آفس آف لیگل افیئرز کے نمائندے ڈیوڈ نینوپولوس، ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا کے صدر احمر بلال صوفی، انٹرنیشنل پیس انسٹیٹیوٹ کے صدر پرنس زید رعد الحسین اور بوسٹن یونیورسٹی کے پروفیسر عادل نجم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی معاہدے قانونی طور پر پابند ہوتے ہیں اور عالمی تعلقات میں استحکام کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔
مقررین نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی قانون کو کمزور کرنا اجتماعی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنا بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے علاقائی اور عالمی سطح پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پاکستانی مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر مؤثر ہے اور اس کے تحت تنازعات کے حل کے لیے موجود میکنزم پر عملدرآمد دونوں ممالک پر لازم ہے۔ اجلاس میں شریک رکن ممالک نے سندھ طاس معاہدے جیسے معاہدات کو علاقائی استحکام اور تنازعات کی روک تھام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بین الاقوامی معاہدات کی حرمت اور قانون کی بالادستی کا تحفظ عالمی امن و سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، اور اس ضمن میں عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے معاہدات کو کمزور کرنے والے اقدامات کی مؤثر انداز میں نشاندہی اور روک تھام کرے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










