مودی کے ناک رگڑنے کے بعد، ٹرمپ نے بھارت کیلئے ٹیرف کم کردیا

مودی کے ناک رگڑنے کے بعد، ٹرمپ نے بھارت کیلئے ٹیرف کم کردیا
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے بھارتی مصنوعات پر عائد درآمدی ٹیرف کم کر کے 18 فیصد کر دیا ہے، جو اس سے پہلے 25 فیصد تھا۔
امریکی حکام کے مطابق یہ فیصلہ امریکا اور بھارت کے درمیان ایک نئے تجارتی سمجھوتے کا حصہ ہے۔ اس معاہدے کے تحت بھارت نے روس سے تیل کی خریداری کم یا بند کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ امریکا سے بڑی مقدار میں اشیاء خریدنے کا وعدہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن نے مذاکرات کے دوران نئی دہلی پر واضح کیا تھا کہ روسی تیل کی درآمد جاری رکھنے کی صورت میں اضافی محصولات برقرار رکھے جائیں گے۔ اسی دباؤ کے بعد بھارت نے اپنی توانائی پالیسی میں تبدیلی پر رضامندی ظاہر کی۔
نئے معاہدے کے بعد بھارت پر عائد مجموعی امریکی ٹیرف، جو پہلے تقریباً 50 فیصد تک پہنچ چکا تھا، اب کم ہو کر 18 فیصد رہ گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیرف میں کمی سے بھارتی مصنوعات کو امریکی منڈی میں فائدہ ہو سکتا ہے، تاہم روس سے سستے تیل کی خریداری ختم کرنا بھارت کے لیے مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔ روسی خام تیل عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں سستا رہا ہے، جبکہ امریکی یا دیگر متبادل ذرائع سے تیل کی قیمت زیادہ ہوتی ہے۔
ادھر بھارت کے اندر اس معاہدے پر سیاسی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔ حزبِ اختلاف کے بعض رہنماؤں نے اس فیصلے کو قومی مفادات کے خلاف قرار دیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے اس پر کوئی تفصیلی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
امریکی اور بھارتی حکام کے مطابق آئندہ ہفتوں میں مزید مذاکرات کیے جائیں گے تاکہ معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کو حتمی شکل دی جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










