جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

یو اے ای میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

05 فروری, 2026 13:55

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر نے کہا کہ نیب اور یو اے ای کے محکمہ انصاف کے درمیان معاہدہ ہونے والا ہے۔ ان کے مطابق جلد ہی یو اے ای میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران سہیل ناصر نے کہا کہ ماضی میں بیوروکریسی اور بزنس کمیونٹی نے نیب کے ساتھ کام کرنا کم کر دیا تھا، مگر اب عوام، بیوروکریسی، بزنس کمیونٹی اور پارلیمنٹیرینز کا نیب پر اعتماد بحال ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹیرینز میں بھی نیب کے اقدامات پر اعتماد بڑھا ہے اور اس دوران کسی کی عزت نفس مجروح نہیں ہونے دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی کرپشن سے متعلق جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنا آسان نہیں، اور کئی ممالک ریکوری میں تعاون نہیں کرتے۔ سہیل ناصر نے بتایا کہ پاکستان کے تقریباً 15 لاکھ طلبہ بیرون ملک تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جن میں سے کئی ایسے ہیں جن کے والدین پاکستان میں ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعے رقوم کی واپسی ایک مشکل عمل ہے۔

ڈی جی نیب امجد مجید اولک نے کہا کہ نیب میں جعلی درخواستوں اور بلیک میلنگ کے سلسلے کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ نیب افسران کے احتساب کے لیے اندرونی احتسابی سیل قائم کیا گیا ہے، جس میں انٹیلی جنس اداروں کا اسٹاف بھی شامل ہے اور یہ سیل نیب کے تمام ریجنل دفاتر میں کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کے خلاف شکایات کے لیے بھی باقاعدہ میکانزم بنایا گیا ہے، جو تمام صوبائی اسمبلیوں میں فعال ہے۔ سال 2024 میں 1894 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 927 تحقیقات کے بعد درست قرار پائیں، جبکہ سال 2025 میں 1900 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 1309 اگلے مرحلے کے لیے منظور ہو گئیں۔

ڈی جی نیب نے انکشاف کیا کہ سال 2025 میں نیب نے 6 ٹریلین روپے سے زائد کی ریکوری کی، جو تقریباً 22.19 بلین ڈالر بنتی ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں 29 ارب روپے مالیت کی اراضی واپس حاصل کی گئی، جبکہ 5 ٹریلین روپے مالیت کی جنگلاتی زمین بھی ریکور کی گئی۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے 843 ارب روپے کی واپسی بھی عمل میں آئی۔

انہوں نے بتایا کہ کوہستان اسکینڈل میں 26.44 ارب روپے کی ریکوری کی گئی، اور ایک مشہور ڈرامے میں استعمال ہونے والا شاندار گھر، جو کرپشن کے پیسوں سے تعمیر کیا گیا تھا، گلبرگ اسلام آباد سے تحویل میں لیا گیا۔ اسکینڈل میں آٹے کے ڈرم اور پینٹ کے ڈبوں سے بھی رقوم برآمد ہوئیں۔

ڈی جی نیب نے بتایا کہ سمندر کی چار لاکھ ایکڑ اراضی خالی پڑی تھی، جس کا سندھ حکومت کو علم نہیں تھا۔ نیب اس اراضی کا سراغ لگا کر ریونیو ریکارڈ میں شامل کر رہا ہے۔

سہیل ناصر اور امجد مجید نے مشترکہ طور پر کہا کہ یو اے ای کے محکمہ انصاف کے ساتھ معاہدہ جلد مکمل ہو جائے گا، اور اس کے بعد پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق خوشخبری عوام کے سامنے آئے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔