جدید ترین ہائپرسونک میزائل خرم شہر-4 کی شمولیت، ایران کی دفاعی قوت میں بڑا اضافہ

ایران نے اپنے جدید ہائپرسونک بیلسٹک میزائل خرمشہر-4 کو باضابطہ طور پر جنگی سروس کا حصہ بنا دیا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اس میزائل کی رفتار ماخ 17 بتائی گئی ہے، جبکہ اس کا دو ٹن وزنی وارہیڈ خلا میں بھی سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے دفاعی نظاموں کے لیے انتہائی چیلنجنگ بنا دیتا ہے۔
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے کمانڈر کے سیاسی مشیر میجر جنرل یداللہ جوانی نے المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے میزائل پروگرام کی اسٹریٹیجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ خرمشہر-4 میزائل غیر معمولی تباہ کن صلاحیت کا حامل ہے اور مخالفین کو اس صلاحیت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، کیونکہ اسے کم تر سمجھنے کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
جوانی کے مطابق خرمشہر-4 کی رونمائی امریکہ کے لیے ایک واضح اور مضبوط پیغام ہے کہ ایران سفارتی مذاکرات سے قطع نظر اپنی عسکری طاقت سے دستبردار نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ جھک کر مذاکرات کی طرف واپس آیا ہے۔ ایران نہ کمزوری دکھائے گا اور نہ ہی رعایت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے ایران کے میزائل پروگرام کو مذاکرات میں شامل کرنے کی کوششیں دراصل ایران کی مضبوط دفاعی صلاحیت کے اعتراف کا نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران “اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور جنگ کا خواہاں نہیں ہے”، تاہم دشمن کی کسی بھی غلطی کا “بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔” ایران کی مذاکراتی ٹیم، ان کے بقول، پورے اعتماد کے ساتھ ایران کی عسکری طاقت پر انحصار کرتے ہوئے بات کرتی ہے۔
میجر جنرل جوانی نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں یہ تنازع پورے خطے میں پھیل سکتا ہے اور خطے سے باہر کے ممالک کو بھی اس کے نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے خطے سے باہر کے عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر یہاں آگ بھڑکائی گئی تو وہ خود بھی اس کی لپیٹ میں آئیں گے۔”
ایک متعلقہ پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے جوانی نے کہا کہ حال ہی میں ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کی جانب ڈرون بھیجنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران خطے میں امریکی بحری سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے لیے مکمل طور پر خود انحصاری پر قائم ہے۔
آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس نے باضابطہ طور پر خرمشہر-4 میزائل کو ایران کے ایک ’’میزائل شہر‘‘ کا حصہ بنایا ہے
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










