عباس عراقچی کی روانگی سے قبل خامنہ ای سے ملاقات، مذاکرات جوہری معاملے تک محدود رہیں گے: حکام

ایرانی حکام کے مطابق ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے روانگی سے قبل رہبرِ انقلاب آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات بھی کی۔ ایرانی وفد جمعرات کی شام تہران سے مسقط روانہ ہوا، جہاں امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کا نیا دور شروع ہونا ہے۔ مذاکرات مسقط کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے مقرر ہیں۔
ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی کے علاوہ نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی، نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی، نائب برائے اقتصادی سفارت کاری قنبری اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی بھی شامل ہیں۔
ایران نے واضح کر دیا ہے کہ مسقط، عمان میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے نئے مذاکرات میں ایرانی وفد صرف اور صرف جوہری پروگرام سے متعلق امور پر بات کرے گا، جبکہ میزائل پروگرام، علاقائی معاملات یا دیگر موضوعات زیرِ بحث نہیں آئیں گے۔
ایرانی مذاکراتی ٹیم کے ایک رکن کے مطابق بات چیت مکمل طور پر جوہری معاملے تک محدود رہے گی اور میڈیا میں گردش کرنے والی دیگر موضوعات سے متعلق قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









