ایران – امریکہ بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا دور شروع، ایرانی وفد کی عمانی وزیر خارجہ سے مشاورت

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کی ٹیم نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ مشاورت کا دوسرا دور شروع کر دیا ہے، جہاں امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایرانی وفد نے موجودہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا ابتدائی منصوبہ عمانی حکام کے سامنے پیش کیا۔
رپورٹ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے ایران کی جانب سے پیش کیا گیا منصوبہ امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف تک پہنچا دیا ہے۔ امریکی وفد نے اس منصوبے کا ابتدائی جائزہ بھی لے لیا ہے۔
اس سے قبل مذاکرات کے پہلے مرحلے میں ایران اور امریکہ نے اپنے اپنے مؤقف اور تجاویز عمانی میزبان کے ذریعے ایک دوسرے تک پہنچائی تھیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق مسقط میں ہونے والے ان بالواسطہ مذاکرات کے آغاز پر وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارت کاری کو ایک مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عراقچی نے عمانی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں ایران کے مؤقف، تجاویز، مطالبات اور خدشات تفصیل سے پیش کیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا جارحیت کے سامنے جھکنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات تمام فریقین کے لیے مثبت موقع فراہم کریں گے اور ایک پائیدار اور دیرپا مفاہمت کی بنیاد رکھ سکیں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









