ٹرمپ نوبل انعام کے اہل نہیں : پولش اسپیکر کے بیان پر امریکہ کا سفارتی روابط محدود کرنے کا اعلان

وارسا میں تعینات امریکی سفیر ٹام روز نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ پولینڈ کی پارلیمنٹ اور اس کے اسپیکر کے ساتھ اپنے سفارتی روابط محدود کر رہا ہے۔
امریکی سفیر کے مطابق پولش اسپیکر کے بیانات نہ صرف اشتعال انگیز تھے بلکہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی توہین بھی کی۔ ایسے بیانات یورپ کے ایک اہم اتحادی کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں اور واشنگٹن اس طرزِ عمل کو قبول نہیں کرے گا۔
امریکی کانگریس اور اسرائیلی کنیسٹ کے اسپیکرز نے مشرق وسطی میں امن کی کوششوں کے اعتراف میں سال 2026 کے لیے صدر ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دلوانے کی حمایت کی تھی۔ تاہم پولش اسپیکر نے اس اقدام کی حمایت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ٹرمپ کی پالیسیاں عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ اور بین الاقوامی اداروں کو کمزور کر رہی ہیں۔
موجودہ حکومت کے اتحادی اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے پولش اسپیکر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ٹرمپ کو اس اعزاز کا اہل نہیں سمجھتے۔ ان کے اس مؤقف کے بعد امریکی سفیر نے اعلان کیا کہ واشنگٹن فوری طور پر ان کے ساتھ رابطے محدود کر دے گا۔
ٹام روز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پولش اسپیکر کے خیالات نے امریکہ اور پولینڈ کے تعلقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ نے ماضی میں پولینڈ اور اس کے عوام کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں، اس لیے ان کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب پولش اسپیکر نے بھی ’ایکس‘ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی سفیر کے بیان پر افسوس ہے، تاہم وہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہیں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









