پیر، 9-فروری،2026
پیر 1447/08/21هـ (09-02-2026م)

امریکا و اسرائیل سے روابط کا الزام، ایران میں تین سیاستدانوں سمیت چار افراد گرفتار

09 فروری, 2026 11:01

ایران میں امریکا اور اسرائیل سے مبینہ روابط کے الزامات پر کریک ڈاؤن میں تیزی آ گئی ہے اور ایرانی حکام نے تین معروف اصلاح پسند سیاست دانوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق گرفتار افراد پر الزام ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کے مفادات کے لیے سرگرم عمل تھے اور ایران کے سیاسی و سماجی نظام کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی منظم کوششوں میں ملوث تھے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایران ریفارم فرنٹ کی سربراہ آذر منصوری، سابق نائب وزیر خارجہ محسن امین زادہ اور سابق رکن پارلیمنٹ ابراہیم اصغر زادہ شامل ہیں، جبکہ چوتھے شخص کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

ایرانی عدلیہ کے بیان کے مطابق زیر حراست افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے وسیع پیمانے کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور قیادت کی جن کا مقصد ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال کو بگاڑنا تھا۔ ان افراد نے سڑکوں پر سرگرم عناصر کے اقدامات کو جواز فراہم کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی۔

سرکاری خبر ایجنسی میزان کے مطابق یہ کارروائیاں ان اطلاعات کے تناظر میں کی گئیں جن میں اطلاعات تھیں کہ حالیہ مہینوں میں ایران میں ہونے والے احتجاجی واقعات کے پیچھے بیرونی عناصر کی مداخلت موجود تھی۔ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ جنوری میں ہونے والے فسادات بھی بیرونی سازشوں کا حصہ تھے جن کا مقصد ایران کو اندرونی طور پر کمزور کرنا تھا۔

ایران ریفارم فرنٹ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ آذر منصوری کو عدالتی حکم کے تحت ان کے گھر کے دروازے سے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی انٹیلیجنس فورس نے حراست میں لیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔