حماس نے غیر مسلح ہونے کے مطالبات مسترد کر دیئے

حماس کے بیرونِ ملک سیاسی سربراہ خالد مشعل نے دوحہ میں الجزیرہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کو غیر مسلح کرنے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ قبضہ قوم سے ہتھیار چھین لینا اسے ’’آسان ہدف‘‘ بنا دینے کے مترادف ہوگا۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب فلسطینی عوام اب بھی قبضے کی صورتحال سے دوچار ہیں، غیر مسلح کرنے کی بات دراصل ایک صدی سے جاری اس کوشش کا تسلسل ہے جس کا مقصد فلسطینی مسلح مزاحمت کو غیر مؤثر بنانا ہے۔ ان کے بقول اسرائیل جدید ترین عالمی اسلحے سے لیس ہے اور اس تناظر میں فلسطینیوں کو غیر مسلح کرنے کی بات انہیں کمزور اور غیر محفوظ بنانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس موضوع پر سنجیدہ بات چیت کرنی ہے تو پہلے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جو غزہ کی تعمیرِ نو، انسانی امداد اور اس بات کی ضمانت فراہم کرے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان دوبارہ جنگ نہ بھڑکے۔ ان کے مطابق حماس نے ثالث ممالک قطر، ترکیہ اور مصر کے ذریعے اور انہی کی وساطت سے امریکا کے ساتھ بالواسطہ رابطوں میں اپنے مؤقف سے آگاہ کیا ہے۔ مشعل کے بقول یہ معاملہ بڑے سفارتی اور عملی اقدامات کا تقاضا کرتا ہے، محض غیر مسلح کرنے کے تقاضے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
خالد مشعل نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ حماس یا مزاحمتی قوتیں کسی قسم کی ضمانت دینے کو تیار نہیں، بلکہ اصل مسئلہ اسرائیل کا طرزِ عمل ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل فلسطینیوں کے ہتھیار چھین کر انہیں ایسے گروہوں کے حوالے کرنا چاہتا ہے جس سے اندرونی انتشار پیدا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ حماس نے متبادل کے طور پر طویل مدتی جنگ بندی کی تجاویز پیش کی ہیں۔ ان کے مطابق حماس پانچ سے سات یا حتیٰ کہ دس سالہ جنگ بندی کی تجویز دے چکی ہے، جس سے یہ یقین دہانی ہو سکتی ہے کہ یہ ہتھیار استعمال میں نہیں لائے جائیں گے۔ مشعل کا کہنا تھا کہ ثالث ممالک، جن کے حماس کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، اس حوالے سے ضامن کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
خالد مشعل نے کہا کہ اگر تنازع کی جڑوں کی طرف دیکھا جائے تو بنیادی مسئلہ قبضہ اور ایک ایسے عوام کا ہے جو حقِ خود ارادیت اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق قبضے کے خلاف مزاحمت بین الاقوامی قوانین اور اقوام کی تاریخی روایت کا حصہ رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











