طالبان کی پاکستان مخالف منظم مہم، کراچی کے تاجر کو داعش خراسان کا کمانڈر قرار دے دیا

اطلاعات کے مطابق طالبان انٹیلی جنس (جی ڈی آئی) سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ایک منظم مہم سامنے آئی ہے، جس میں کراچی کے ایک معروف تاجر کو داعش خراسان (آئی ایس کے پی) کا کمانڈر ظاہر کیا گیا۔
گزشتہ تین ہفتوں سے مبینہ طور پر ان طالبان سے وابستہ اکاؤنٹس کی جانب سے خیبر ضلع کی وادی تیراہ میں داعش خراسان کی موجودگی سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلائی جا رہی تھیں۔ اسی مہم کے دوران ایک من گھڑت شناخت حافظ زبیر موحد کے نام سے تیار کی گئی اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ تیراہ میں داعش خراسان کی قیادت کر رہا ہے۔
ان ہی اکاؤنٹس کی جانب سے یہ جھوٹا الزام بھی عائد کیا گیا کہ مذکورہ شخص اسلام آباد خودکش دھماکے کے وقت اسلام آباد میں موجود تھا۔
تحقیقات کے مطابق جس شخص کو داعش خراسان کا کمانڈر بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، وہ کسی بھی عسکریت پسند تنظیم سے وابستہ نہیں۔ سوشل میڈیا پر حافظ زبیر موحد کے نام سے گردش کرنے والی تصویر دراصل کراچی کے معروف تاجر اور پراپرٹی ڈیلر حافظ محمد کی ہے، جو سوشل میڈیا پر متحرک اور ایک معروف کاروباری شخصیت ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان طالبان انٹیلی جنس سے منسلک اکاؤنٹس نے جان بوجھ کر ان کا اصل نام حافظ محمد تبدیل کر کے حافظ زبیر کر دیا اور انہیں جھوٹے طور پر داعش سے منسلک کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے علاقے تیراہ میں سرگرم داعش خراسان کا کمانڈر ظاہر کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ محمد کا داعش خراسان سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ کبھی تیراہ گئے۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور منظم پروپیگنڈا مہم کے ذریعے بے گناہ افراد کو بدنام کرنے کی ایک سنگین مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










