پیر، 9-فروری،2026
پیر 1447/08/21هـ (09-02-2026م)

لبنان میں دو عمارتیں زمین بوس، نو افراد جاں بحق

09 فروری, 2026 10:15

طرابلس : شمالی لبنان کے شہر طرابلس میں دو متصل رہائشی عمارتیں منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

لبنانی سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل عماد خریش نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ چھ افراد کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ عمارت دو حصوں پر مشتمل تھی اور ہر حصے میں چھ چھ اپارٹمنٹس موجود تھے۔ رہائشیوں کے اندازے کے مطابق حادثے کے وقت تقریباً بائیس افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔

ریسکیو آپریشن میں سول ڈیفنس کی ٹیموں کے ساتھ لبنانی ریڈ کراس اور دیگر ہنگامی و امدادی ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ محلے کے مکینوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور ملبہ ہٹانے اور راستے بنانے میں اہلکاروں کی مدد کی۔

طرابلس کے میئر عبدالحمید کریمہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں خستہ حال عمارتوں کی موجودگی کے باعث “ہم طرابلس کو آفت زدہ شہر قرار دیتے ہیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں کی غفلت کے باعث ہزاروں شہری خطرے میں ہیں اور صورتحال بلدیہ کی استطاعت سے باہر ہو چکی ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق داخلی سلامتی کے اداروں اور طرابلس میونسپل پولیس نے منہدم عمارت سے ملحقہ دیگر رہائشی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا ہے، کیونکہ ان کے بھی گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

لبنانی صدر جوزف عون نے تمام ہنگامی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ وزیر اعظم نواف سلام نے اس سانحے کو برسوں کی غفلت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ایسی تمام عمارتوں کے مکینوں کو رہائشی الاؤنس دینے کے لیے تیار ہے جنہیں خالی کرانا ضروری ہو۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔