منگل، 10-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

ایران کے ساتھ مذاکرات میں ریڈ لائنز کے تعین کا اختیار ٹرمپ کے پاس ہوگا : جے ڈی وینس

10 فروری, 2026 11:59

یریوان / واشنگٹن : امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری یا ممکنہ مذاکرات میں ریڈ لائنز کے تعین کا حتمی اختیار صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہوگا۔

آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں وزیر اعظم نکول پشینیان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے پوچھا کہ آیا امریکہ ایران کو محدود حد تک یورینیم افزودگی کی اجازت دے سکتا ہے اور کیا زیرو افزودگی کا اصول واشنگٹن کے لیے ایک ناقابلِ عبور ریڈ لائن ہے؟ جس پر نائب صدر نے براہِ راست کسی حد بندی کا اعلان کرنے کے بجائے کہا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ صدر ٹرمپ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات میں ریڈ لائن کہاں قائم کرنی ہے، اس کا فیصلہ خود کریں گے۔ اگر ہم ایران کے ساتھ ہونے والے ابتدائی مذاکرات کو دوبارہ دیکھیں تو صدر نے ایک تعمیری معاہدے تک پہنچنے کے لیے بھرپور کوشش کی تھی۔ میں یہ صدر پر چھوڑتا ہوں کہ وہ واضح کریں کہ مذاکرات میں حدود کہاں مقرر کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ عمومی طور پر مذاکراتی حکمت عملی کو خفیہ رکھتے ہیں اور پہلے سے یہ اعلان نہیں کرتے کہ وہ کس نکتے پر کیا مؤقف اختیار کریں گے، کیونکہ ان کے مطابق اس طرح کی پیشگی وضاحتیں مذاکراتی عمل کو محدود اور فریقین کو پابند بنا دیتی ہیں۔

وینس نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں بھی ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتی تھی جو امریکہ کے مفاد میں ہو۔ ان کے مطابق اس وقت پوری انتظامیہ اس بات پر متفق تھی کہ ایک مضبوط اور تعمیری معاہدہ ممکن ہے، بشرطیکہ تہران دانشمندی کا مظاہرہ کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے اُس وقت زیادہ حقیقت پسندی سے کام لیا ہوتا تو یہ معاہدہ خود ایران کے مفاد میں بھی ہوتا۔

نائب صدر نے اشارہ دیا کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں صدر ٹرمپ اپنی ٹیم اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ ایران کے معاملے پر کئی اہم مشاورتیں کریں گے، جس کے بعد ہی مذاکرات کی حدود اور ممکنہ پالیسی سمت کے بارے میں واضح اشارے سامنے آ سکتے ہیں۔

وینس کے اس بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ امریکہ فی الحال ایران کے ساتھ مذاکراتی فریم ورک کے حوالے سے کسی واضح عوامی مؤقف کا اعلان کرنے سے گریز کر رہا ہے اور تمام فیصلوں کو صدر کی سطح پر مرکوز رکھا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔