ایرانی پانی سے حتی الامکان دور رہیں : امریکہ کی اپنے بحری جہازوں کو ہدایت

امریکا نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اپنے تجارتی جہازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی علاقائی پانیوں سے حتی الامکان دور رہیں۔ ایڈوائزری امریکی میری ٹائم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کی گئیں، جس میں جہازوں کے کپتانوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ایرانی فورسز کسی امریکی جہاز پر سوار ہونے کی کوشش کریں تو عملہ زبردستی مزاحمت نہ کرے۔ بیان کے مطابق مزاحمت نہ کرنا اس بات کی علامت نہیں ہوگا کہ عملہ اس کارروائی سے متفق ہے یا اس کی اجازت دے رہا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرقی سمت میں آبنائے ہرمز عبور کرتے وقت جہاز عمان کی علاقائی حدود کے قریب رہ کر سفر کریں تاکہ نیویگیشنل حفاظت بھی برقرار رہے اور ایرانی پانیوں سے فاصلہ بھی ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث عالمی تجارتی بحری راستے ماضی میں بھی خطرات کا شکار رہے ہیں۔ 1980 کی دہائی میں ایران عراق جنگ کے دوران ٹینکر وار میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا تھا۔
گزشتہ سال جون میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے عندیہ دیا تھا کہ اگر جنگ بڑھی تو ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے پر غور کر سکتا ہے۔ امریکا آبنائے ہرمز کو دنیا کی سب سے اہم آئل چوک پوائنٹ قرار دیتا ہے کیونکہ یہی راستہ خلیجی تیل کو عالمی منڈیوں تک پہنچاتا ہے۔
جنوری کے آخر میں ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں بحری مشقیں کیں، جس پر امریکی فوج نے ایران کو غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ رویے سے باز رہنے کی وارننگ دی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









