جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

لنکڈ اِن سیلفی نے اسرائیلی جاسوسی کمپنی کا خفیہ ڈیش بورڈ بے نقاب کر دیا

13 فروری, 2026 13:38

اسرائیل کی جاسوسی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی پیراگون سلوشنز کی ایک غیر معمولی غلطی اس وقت سامنے آئی، جب کمپنی سے منسلک ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر شیئر کی گئی۔

اس تصویر میں پس منظر میں ایک ایسا لائیو ڈیش بورڈ واضح دکھائی دیا جو دراصل حکومتی نگرانی کے نظام کا فعال کنٹرول پینل تھا۔ تصویر میں متاثرین کی تفصیلات بغیر کسی پردہ پوشی کے نظر آئیں، جن میں ایک چیک فون نمبر اور ایک اسرائیلی رابطہ شامل تھا۔

ڈیش بورڈ پر واٹس ایپ اور سگنل جیسی میسجنگ ایپس کی نگرانی کے لیے فعال بٹن بھی نمایاں تھے، جس سے ظاہر ہوا کہ یہ محض نمائشی اسکرین نہیں بلکہ حقیقی آپریشنل نظام تھا۔

تل ابیب میں قائم اس کمپنی کو حال ہی میں نو سو ملین ڈالر میں ایک امریکی کمپنی نے خرید لیا تھا، جس کے بعد یہ مکمل طور پر امریکی ملکیت میں آ چکی ہے۔ پیراگون سلوشنز حکومتوں کو اپنا جاسوسی سافٹ ویئر گریفائٹ فروخت کرتی ہے جو میسجنگ ایپس میں دراندازی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کینیڈا کی تحقیقی تنظیم سِٹیزن لیب اس سافٹ ویئر کے استعمال کا سراغ لگا چکی ہے اور اس نے رپورٹ کیا کہ یہ آئی میسج میں بغیر کلک کے حملوں کے ذریعے ڈیوائس تک رسائی حاصل کرتا ہے۔

امریکہ کا ادارہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ بھی اس کمپنی کے ساتھ بیس لاکھ ڈالر کے معاہدے کے تحت نگرانی کے لیے کام کر رہا ہے، جس کا مقصد احتجاجی سرگرمیوں کی نگرانی بتایا جاتا ہے۔ لیک ہونے والی تصویر سے اندازہ ہوا کہ یہ سسٹم محض ڈیمو نہیں بلکہ ایسا کنٹرول پینل تھا جس کے ذریعے ہدف بنائے گئے آلات تک مکمل رسائی ممکن تھی۔

اطلاعات کے مطابق گریفائٹ سافٹ ویئر آسٹریلیا، کینیڈا، یورپ، اسرائیل، سنگاپور اور امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں استعمال کیا جا چکا ہے۔ اس سافٹ ویئر کا ہدف صحافی، سماجی کارکن اور سیاسی اپوزیشن سے وابستہ افراد بھی رہے ہیں۔ پیراگون سلوشنز کی جانب سے اس انکشاف پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔