جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

ایران پر دباؤ کیلئے امریکہ کا دوسرا طیارہ بردار بحری جہاز مشرقِ وسطیٰ روانہ

13 فروری, 2026 14:37

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود اپنے طیارہ بردار بحری جہاز کی معاونت کے لیے دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس تعیناتی کے بعد خطے میں دو امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اپنے جنگی بیڑے کے ساتھ موجود ہوں گے، کیونکہ اس وقت یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کے ساتھ گائیڈڈ میزائل تباہ کن جہاز بحیرہ عرب میں تعینات ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کو اس پیش رفت سے آگاہ کرنے والے ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ فوجی نقل و حرکت ایران کو واضح پیغام دینے کے لیے کی جا رہی ہے کہ امریکا خطے میں اپنی عسکری برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔

دو طیارہ بردار بحری جہازوں اور ان کے ہمراہ جنگی جہازوں کی موجودگی نہ صرف دفاعی تیاری بلکہ ممکنہ جارحانہ آپریشنز کی صلاحیت کو بھی ظاہر کرتی ہے، جس سے خطے میں طاقت کا توازن ایک بار پھر نمایاں طور پر بدلتا دکھائی دے رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو اس کے جوہری پروگرام کے معاملے پر معاہدے کی طرف لانے کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے ایک اور دور کا عندیہ دیا تھا، تاہم یہ بات چیت عملی شکل اختیار نہ کر سکی۔ ادھر تہران کے اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی نے اسی ہفتے عمان اور قطر کا دورہ کیا اور امریکی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ کیا۔

خلیجی عرب ممالک پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے سے پورا خطہ ایک نئی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے اثرات سے ابھی تک سنبھل نہیں سکا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔