جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

سی آئی اے نے چین میں اپنے جاسوسوں کے لیے ویڈیو جاری کر دی

13 فروری, 2026 11:20

سی آئی اے نے چینی فوج کے اندر اپنے ذرائع بھرتی کرنے کی کوششیں تیز کرتے ہوئے ایک عوامی ویڈیو جاری کی ہے جس کا مقصد چینی فوجی اہلکاروں کو خفیہ معلومات فراہم کرنے پر آمادہ کرنا ہے۔

فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین کے ایک اعلیٰ فوجی جنرل کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیجنگ میں سیاسی اور عسکری حلقوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔

ماڈرن ڈپلومیسی کی رپورٹ کے مطابق اس ویڈیو میں ایک مایوس درمیانے درجے کے چینی فوجی افسر کا کردار دکھایا گیا ہے جو اپنے نظام سے بددل نظر آتا ہے، اور اسی کردار کے ذریعے سی آئی اے چینی فوجی اہلکاروں تک پیغام پہنچانا چاہتی ہے۔

یہ مہم سی آئی اے کی انسانی انٹیلی جنس کو مضبوط بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا ہدف چین کے اندرونی عسکری اور سیاسی ڈھانچے تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

اس سے قبل مئی میں بھی اسی نوعیت کی ایک مہم چلائی گئی تھی جس میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے فرضی ارکان کو محفوظ طریقے سے امریکی انٹیلی جنس سے رابطہ کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ یہ ویڈیوز بڑی تعداد میں چینی شہریوں تک پہنچی ہیں اور سی آئی اے کا مقصد چینی سرکاری اہلکاروں کو ایک بہتر مستقبل کے لیے راستہ فراہم کرنا ہے۔

چین کی پیپلز لبریشن آرمی میں بدعنوانی کے خلاف جاری کارروائیوں اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی بے چینی کو سی آئی اے ایک موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک اعلیٰ عسکری رہنما ژانگ یو شیا کے خلاف تحقیقات کے اعلان کے بعد فوجی قیادت میں بداعتمادی اور شکوک و شبہات کی فضا پیدا ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا فرضی افسر اسی بداعتمادی کی فضا کی عکاسی کرتا ہے اور یہ پیغام دیتا ہے کہ نظام کے اندر موجود لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

سی آئی اے کا دعویٰ ہے کہ اس کی آن لائن مہم جوئی چین کی سخت انٹرنیٹ پابندیوں کے باوجود مؤثر ثابت ہو رہی ہیں اور ماضی کی ویڈیوز لاکھوں افراد تک پہنچ چکی ہیں جس سے ممکنہ نئے ذرائع میسر آئے ہیں۔

امریکہ گزشتہ برسوں میں اپنے کئی خفیہ ایجنٹس کے پکڑے جانے کے بعد چین میں اپنا انٹیلی جنس نیٹ ورک دوبارہ تعمیر کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور جاسوسی کی سرگرمیوں کے تناظر میں اس صورتحال کو ایک نئی سرد جنگ سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس مہم کا مقصد نہ صرف معلومات حاصل کرنا ہے بلکہ چین کے اندرونی عسکری و سیاسی ماحول میں موجود اضطراب سے فائدہ اٹھانا بھی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔