ہفتہ، 14-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/26هـ (14-02-2026م)

امریکا ایران کے خلاف طویل فوجی آپریشن کی تیاری کر رہا ہے؛ امریکی عہدیداروں کا دعویٰ

14 فروری, 2026 11:07

امریکی عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی فوج ایران کے خلاف مسلسل اور طویل فوجی آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں دو امریکی عہدیداروں نے کہا کہ یہ مہم امریکی افواج اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے اور اس بار حملے کی منصوبہ بندی غیر معمولی حد تک پیچیدہ ہے۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا ایران کے صرف جوہری انفرااسٹرکچر کو ہی نہیں بلکہ ریاستی اور سکیورٹی تنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو پوری توقع ہے کہ ایران اس کارروائی کے جواب میں جوابی حملے کرے گا۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو خطے میں موجود کسی بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جائے گا۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے اردن، کویت، سعودی عرب، قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور ترکیے میں فوجی اڈے موجود ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پنٹاگون مشرقِ وسطیٰ میں ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز روانہ کر رہا ہے، جبکہ ہزاروں فوجی، جنگی طیارے اور گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز بھی خطے میں بھیجے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی بڑے فوجی آپریشن میں امریکی افواج کو شدید خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، کیونکہ ایران جدید اور طاقتور میزائل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی جوابی حملوں سے پورے خطے میں بڑے تنازع کا خدشہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

دوسری جانب ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ پابندیاں ختم کرنے کے بدلے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا مشکل رہا ہے، اور بعض اوقات دباؤ ہی وہ واحد راستہ ہوتا ہے جو صورتحال کو قابو میں رکھتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ کے پاس ایران کے معاملے پر تمام آپشنز موجود ہیں اور حتمی فیصلہ قومی سلامتی کے مفاد میں کیا جائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔