بنگلہ دیشی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری، شہباز شریف اور مودی کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ

بنگلہ دیش میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد حلف برداری کی تقریب کو علاقائی سطح پر اہم سفارتی ایونٹ بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کو مدعو کیا جائے گا۔
بنگلہ دیش کے اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق متوقع وزیر اعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو منعقد ہوگی، جبکہ اس کا انتظام عبوری حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔ یہ تقریب سیاسی تبدیلی کے بعد ملک کی نئی قیادت کے باقاعدہ آغاز کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے حکومت سازی کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ پارٹی نے دو تہائی سے زائد نشستیں جیت کر پارلیمان میں فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل یقینی ہو چکی ہے۔
تقریب حلف برداری کو بین الاقوامی رنگ دینے کے لیے نہ صرف سارک کے رکن ممالک بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے سربراہان کو بھی مدعو کرنے کی تیاری جاری ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے جوائنٹ سیکریٹری جنرل (خارجہ امور) ہمایوں کبیر نے کہا کہ وہ کسی مخصوص ملک کا نام نہیں لے رہے، تاہم پارٹی کی جانب سے سارک اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے سربراہان کو دعوت دینے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بی این پی چاہتی ہے کہ اس تقریب میں غیر ملکی معزز شخصیات کی نمایاں شرکت ہو تاکہ نئی حکومت کی سفارتی ترجیحات کا واضح پیغام دیا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی حکومت اپنی خارجہ پالیسی میں جنوبی ایشیاء اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اگر واقعی تقریب میں شہباز شریف اور نریندر مودی سمیت خطے کے دیگر رہنما شریک ہوتے ہیں تو یہ جنوبی ایشیاء میں نئی سفارتی صف بندی کا اشارہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ایک ہی تقریب میں موجودگی کو علاقائی سیاست میں اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
حلف برداری کی تقریب اب نہ صرف داخلی سیاسی تبدیلی بلکہ علاقائی تعاون، سفارتی روابط اور مستقبل کی خارجہ پالیسی کے خدوخال واضح کرنے کا اہم موقع سمجھی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیش کی نئی حکومت کے لیے یہ تقریب ایک ایسے دور کا آغاز ہو سکتی ہے جس میں علاقائی ہم آہنگی اور معاشی بحالی مرکزی حیثیت اختیار کریں گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










