اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

اب شرم باقی نہیں رہی : اوباما کا ٹرمپ کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو پر ردعمل

15 فروری, 2026 15:07

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ملک کے سیاسی ماحول میں شائستگی اور وقار کے فقدان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک متنازع ویڈیو پر بالواسطہ ردِعمل دیا ہے، جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں اوباما اور سابق خاتونِ اول مشیل اوباما کو بندروں کی شکل میں دکھایا گیا، جسے ناقدین نے نسل پرستانہ اور توہین آمیز قرار دیا۔

باراک اوباما نے اس معاملے پر پہلی بار ایک انٹرویو میں ردِعمل دیا، جو بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سیاسی پوڈکاسٹ میزبان برائن ٹائلر کوہن کے ساتھ نشر ہوا۔ اگرچہ اوباما نے براہِ راست ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے کہا کہ زیادہ تر امریکی اس طرزِ عمل کو نہایت تشویش ناک سمجھتے ہیں۔

اوباما نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ٹیلی وژن پر ایک مضحکہ خیز تماشا جاری ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جن لوگوں کو کبھی عہدے کے احترام اور وقار کا خیال ہونا چاہیے تھا، ان میں اب شرم باقی نہیں رہی۔ ان کے مطابق سیاسی قیادت سے کم از کم کچھ حد تک شائستگی اور سلیقہ متوقع ہوتا ہے، مگر وہ سب ختم ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کی پوسٹس سے ٹرمپ سے وابستہ ریپبلکن امیدواروں کو آئندہ وسط مدتی انتخابات میں نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اوباما کا کہنا تھا کہ آخرکار امریکی عوام ہی اس طرزِ سیاست کا فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ یہ ویڈیو 5 فروری کو ٹرمپ کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کی گئی۔ ویڈیو کے اختتام پر ایک لمحے کے لیے اوباما اور ان کی اہلیہ کے چہرے بندروں کے مجسموں پر دکھائے گئے، جبکہ پس منظر میں 2020 کے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق سازشی نظریات کو دہرایا گیا، جس میں ٹرمپ کی شکست کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔