پیر، 16-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

یوکرین کے سابق وزیر سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار

16 فروری, 2026 10:24

یوکرین کے قومی انسدادِ بدعنوانی ادارے نیشنل اینٹی کرپشن بیورو آف یوکرین نے ملک کے سابق وزیرِ توانائی جرمن گالوشچینکو کو یوکرین کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا۔

ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیر کو ریاستی سرحد پار کرتے ہوئے مائیڈاس نامی مقدمے کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان میں نام کا واضح ذکر نہیں کیا گیا، تاہم مذکورہ شخصیت گزشتہ برس وزیرِ توانائی کے منصب پر فائز رہی اور نومبر میں ایک بڑے بدعنوانی اسکینڈل کے بعد مستعفی ہو گئی تھی۔

تحقیقاتی ادارے کے مطابق ابتدائی قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور تمام اقدامات قانون اور عدالتی اجازت کے مطابق کیے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

توانائی کے شعبے میں مبینہ منی لانڈرنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کے انکشاف کے بعد 2025 میں جرمن گالوشچینکو سمیت کئی وزراء نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے صدر وولوڈیمیر زیلنسکی کے ایک قریبی اتحادی کا ہاتھ تھا۔

یوکرین کے خصوصی انسدادِ بدعنوانی استغاثہ دفتر اسپیشلائزڈ اینٹی کرپشن پراسیکیوٹرز آفس کے مطابق تقریباً دس کروڑ ڈالر مالیت کی اس مبینہ اسکیم کو کاروباری شخصیت تیمور مینڈیچ نے منظم کیا۔

تحقیقات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سابق وزیرِ توانائی نے تیمور مینڈیچ کو توانائی کے شعبے میں غیر قانونی مالی لین دین منظم کرنے میں مدد فراہم کی۔ مزید یہ کہ سرکاری ادارے اینرگوایٹم کے ساتھ کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو اپنے معاہدے برقرار رکھنے یا ادائیگی میں تاخیر سے بچنے کے لیے دس سے پندرہ فیصد تک رشوت دینے پر مجبور کیا جاتا تھا۔

اس اسکینڈل کے نتیجے میں نہ صرف دو سابق وزرائے توانائی مستعفی ہوئے بلکہ صدر زیلنسکی کے چیف آف اسٹاف کو بھی عہدہ چھوڑنا پڑا۔ متعلقہ وزراء اور چیف آف اسٹاف نے تمام الزامات کی تردید کی ہے اور خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔