پیر، 16-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

ایران کا جوہری ڈھانچہ مکمل ختم کیا جائے : نیتن یاہو

16 فروری, 2026 13:28

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے کسی بھی ممکنہ معاہدے میں تہران کے تمام جوہری ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کرنا لازمی ہونا چاہیے۔

بڑی امریکی یہودی تنظیموں کے سربراہان کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ وہ کسی ممکنہ معاہدے کے بارے میں شکوک رکھتے ہیں، تاہم گزشتہ ہفتے انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں واضح کر دیا تھا کہ کسی بھی معاہدے کے لیے چند بنیادی شرائط ناگزیر ہوں گی۔

ان کے مطابق پہلی شرط یہ ہے کہ ایران کے پاس موجود تمام افزودہ جوہری مواد ملک سے باہر منتقل کیا جائے۔ دوسری شرط یہ ہے کہ ایران کے پاس افزودگی کی کوئی صلاحیت باقی نہ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محض افزودگی کے عمل کو روک دینا کافی نہیں بلکہ اس پورے نظام، آلات اور بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا ہوگا جو افزودگی کو ممکن بناتے ہیں۔ تیسری اہم شرط کے طور پر انہوں نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کی سخت اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ ان کے بقول معائنہ ایسا ہو جو مؤثر اور حقیقی ہو، محض رسمی نہ ہو، اور اس میں پیشگی اطلاع کی گنجائش نہ ہو تاکہ تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر ایک امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے دسمبر میں فلوریڈا میں نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ نہ ہو سکا تو وہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر اسرائیلی حملوں کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں وہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔