منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

فلسطینی زمینوں کو سرکاری ملکیت قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے پر اقوام متحدہ کی شدید مذمت

17 فروری, 2026 10:30

مقبوضہ مغربی کنارہ میں فلسطینی زمینوں کو سرکاری ملکیت قرار دینے کے اسرائیلی فیصلے پر اقوام متحدہ نے شدید مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ پندرہ فروری کے فیصلے کے تحت اسرائیلی حکومت نے مغربی کنارہ کے علاقے سی میں زمینوں کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جو اس سے قبل مئی دو ہزار پچیس کے کابینہ فیصلے کے بعد معطل تھا۔

سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ اس اقدام کے نتیجے میں فلسطینی اپنی نجی املاک سے محروم ہو سکتے ہیں اور اس علاقے میں اسرائیلی کنٹرول مزید وسیع ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرتے ہیں بلکہ عالمی عدالت انصاف کے مؤقف کے مطابق غیر قانونی بھی ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ اقدامات واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق کی موجودہ سمت دو ریاستی حل کے امکان کو کمزور کر رہی ہے اور پائیدار امن کی امیدوں کو دھندلا رہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارہ، بشمول مشرقی یروشلم، میں تمام اسرائیلی آبادکاریاں اور ان سے وابستہ نظام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اقوام متحدہ نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار امن کے واحد راستے یعنی مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کو محفوظ رکھیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔