جمعہ، 13-مارچ،2026
جمعہ 1447/09/24هـ (13-03-2026م)

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، کل بدھ کو پہلا روزہ ہوگا

17 فروری, 2026 18:48

ریاض — سعودی عرب میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کیلئے قائم رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد مملکت میں ماہِ رمضان کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

سعودی رویتِ ہلال کمیٹی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے، تاہم حتمی اور باضابطہ اعلان سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے کچھ دیر بعد متوقع تھا، جو بعد ازاں جاری کر دیا گیا۔ اعلان کے مطابق مملکت میں بدھ 18 فروری 2026 کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگا۔


رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تمیر، سدیر اور دیگر شہروں سے ہلالِ رمضان کی معتبر شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی۔

ماہِ رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے حوطہ سدیر میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جبکہ مملکت کے مزید 7 مقامات پر بھی رویتِ ہلال کے اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان اجلاسوں میں محکمہ موسمیات اور فلکیات کے ماہرین نے شرکت کی۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس بار چاند دیکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا، جو مملکت میں پہلی مرتبہ اپنایا گیا ہے۔


ادھر پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں منعقد ہوگا، جبکہ زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی ہوں گے۔

دوسری جانب ترجمان اسپارکو اور محکمہ موسمیات نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پاکستان میں یکم رمضان 19 فروری 2026 کو ہونے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔

سعودی عرب میں اعلان کے بعد دنیا بھر کے مسلمان رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر عبادات اور روحانی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔