بدھ، 18-فروری،2026
بدھ 1447/09/01هـ (18-02-2026م)

ایران اور روس کا بحیرۂ عمان اور شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ مشقوں کا اعلان

18 فروری, 2026 14:35

ایران اور روس نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کی بحری افواج جمعرات (کل) کے روز بحیرۂ عمان اور شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ مشقیں کریں گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق ان مشترکہ بحری مشقوں کا مقصد سمندری سلامتی اور تحفظ کو درپیش خطرات کے خلاف ہم آہنگی اور مشترکہ اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر حسن مقصودلو نے بتایا کہ اس مشق کے بنیادی اہداف میں سمندری دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور ایسے عناصر کی سرگرمیوں کو روکنا شامل ہے جو بین الاقوامی آبی گزرگاہوں کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بی ایل اے کی مالی شہہ رگ پر وار، پاک ایران سرحد پر ون ڈاکومنٹ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ

بحیرۂ عمان اور شمالی بحرِ ہند عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستے سمجھے جاتے ہیں۔ ان پانیوں سے گزرنے والی جہاز رانی مشرقِ وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور دیگر خطوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ اسی تناظر میں ایران اور روس کی یہ مشترکہ سرگرمی علاقائی اور عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

ایران اس سے قبل بھی روس اور بعض دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں کرتا رہا ہے، تاہم حالیہ مشقوں کی ٹائمنگ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ آبنائے ہرمز میں حالیہ عسکری سرگرمیوں کے فوراً بعد منعقد کی جارہی ہیں۔

آبنائے ہرمز توانائی کی عالمی ترسیل کے لیے کلیدی گزرگاہ ہے جہاں سے بڑی مقدار میں تیل اور گیس دنیا کی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مشترکہ بحری مشقیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ شریک ممالک سمندری راستوں کے تحفظ اور خطے میں اپنے مفادات کے دفاع کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔