بدھ، 18-فروری،2026
بدھ 1447/09/01هـ (18-02-2026م)

اقوامِ متحدہ کے 80 سے زائد ممالک کی مغربی کنارے سے متعلق اسرائیلی منصوبے کی مذمت

18 فروری, 2026 12:37

اقوام متحدہ کے 80 سے زائد رکن ممالک نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے کنٹرول کو وسعت دینے اور وسیع فلسطینی اراضی کو اسرائیلی ریاستی ملکیت قرار دینے کے منصوبے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے منگل کے روز 85 رکن ممالک اور متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے اتحاد کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ہم مغربی کنارے میں اسرائیل کی غیر قانونی موجودگی کو بڑھانے کے لیے کیے گئے یکطرفہ فیصلوں اور اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیل کی ذمہ داریوں کے منافی ہیں اور انہیں فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شکل میں الحاق کی کوشش کی سخت مخالفت کی جاتی ہے۔

ریاض منصور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول مشرقی یروشلم، کی آبادیاتی ساخت، کردار اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کے تمام اقدامات کو مسترد کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کو ریاستی ملکیت قرار دے دیا

ان کے مطابق اس نوعیت کے فیصلے نہ صرف بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں جاری امن کوششوں کو بھی کمزور کرتے ہیں اور ایک جامع امن معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

مشترکہ بیان پر دستخط کرنے والوں میں آسٹریلیا، کینیڈا، چین، فرانس، پاکستان، روس، جنوبی کوریا، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت یورپی یونین، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم بھی شامل ہیں، جو اس مسئلے پر وسیع عالمی اتفاق رائے کی نشاندہی کرتا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی علاقے وادی اردن میں ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جہاں اسرائیلی فوج کی جانب سے چھوڑے گئے گولہ بارود کے پھٹنے سے 13 سالہ فلسطینی بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ دو دیگر بچے شدید زخمی ہوئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ زخمی بچوں کی عمریں 12 اور 14 سال ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے کے ایریا سی میں زمینوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 1967 میں فلسطینی علاقوں پر قبضے کے بعد پہلی مرتبہ اس نوعیت کا اقدام کیا جا رہا ہے۔ غیر قانونی بستیوں کی نگرانی کرنے والی تنظیم پیس ناؤ کے مطابق ایریا سی مغربی کنارے کے تقریباً 60 فیصد رقبے پر مشتمل ہے، جس کی اسٹریٹجک اور جغرافیائی اہمیت غیر معمولی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔