اسرائیل نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر حملے کی تیاریاں شروع کردیں

انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اس امکان کے پیش نظر تیاری کر رہا ہے کہ واشنگٹن ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر حملے کی منظوری دے سکتا ہے۔
اسرائیلی روزنامہ ہاآرتص نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ اسرائیلی سکیورٹی ادارے واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ مذاکراتی دور کے جائزے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ امریکہ ایران کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے مبینہ طور پر ہوم فرنٹ کمانڈ کو ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ روزنامہ یدیعوت احرونوت کے مطابق نیتن یاہو نے مختلف امدادی اور ریسکیو اداروں کو بھی ہنگامی تیاریوں کا حکم دیا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے مختلف سکیورٹی اداروں میں انتہائی درجے کی الرٹ نافذ کر دی گئی ہے۔
اسی تناظر میں سرکاری نشریاتی ادارے کان نے اطلاع دی کہ ایران سے متعلق پیش رفت پر غور کے لیے جمعرات کو طے شدہ سکیورٹی کابینہ کا اجلاس اتوار تک ملتوی کر دیا گیا ہے، تاہم اس فیصلے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق تاثر پایا جا رہا ہے کہ اگر ایران نے مذاکرات میں امریکی مطالبات مسترد کیے تو صدر ٹرمپ بڑے پیمانے پر فوجی حملے کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی انتظامیہ کو شبہ ہے کہ ایران وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اتحاد ہی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے : ایرانی صدر
یدیعوت احرونوت کے مطابق حالیہ محدود سکیورٹی مشاورتوں میں یہ اندازہ ظاہر کیا گیا کہ اگر امریکہ ایران پر حملہ کرتا ہے تو ایران ممکنہ طور پر اسرائیل کو میزائلوں سے نشانہ بنا سکتا ہے، چاہے اسرائیلی فوج براہِ راست امریکی کارروائی میں شامل نہ بھی ہو۔
اسرائیل میں یہ تاثر بھی مضبوط ہو رہا ہے کہ فیصلہ کن لمحہ قریب آ چکا ہے اور وقت کی مدت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ پہلے دو ہفتوں اور پھر تقریباً ایک ماہ کی بات کی جا رہی تھی، تاہم اب اندازے چند دنوں تک محدود ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کے سابق سربراہ اموس یادلین نے بھی کہا ہے کہ صورتحال پہلے کے مقابلے میں حملے کے زیادہ قریب دکھائی دے رہی ہے۔ روزنامہ اسرائیل حیوم نے نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ اگر امریکہ ایران پر بڑے پیمانے پر حملہ کرتا ہے تو ایران کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے اسرائیل کو نشانہ بنانے کا امکان بہت زیادہ ہوگا۔
عرب نشریاتی ادارے سی این این عربی نے دو اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل نے اپنی افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور فوجی تیاریوں میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ امریکہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









