جمعہ، 20-فروری،2026
جمعہ 1447/09/03هـ (20-02-2026م)

ہیلری کلنٹن کی طالبان حکومت پر کڑی تنقید، افغان خواتین کے مستقبل پر تشویش کا اظہار

20 فروری, 2026 10:45

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے طالبان حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمرانہ طرز حکمرانی کے تحت افغان خواتین کا مستقبل تاریک بنا دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی جریدے فارن افیئرز میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں ہیلری کلنٹن نے مؤقف اختیار کیا کہ اقتدار پر قابض طالبان حکومت نے خواتین کو سیاسی، سماجی اور معاشرتی زندگی سے عملاً خارج کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثانوی تعلیم، جامعات میں داخلے اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر کے نصف آبادی کو گھروں تک محدود کر دیا گیا ہے۔

ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ تعلیم اور ملازمت پر قدغنیں محض سماجی فیصلے نہیں بلکہ اقتدار کو طول دینے کی حکمت عملی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب کی آڑ میں خواتین کی آواز دبائی جا رہی ہے اور اس عمل سے آمرانہ نظام مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ خواتین پر ظلم کو روکنا نہ صرف اخلاقی بلکہ سیاسی ذمہ داری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کی جائز مطالبات پر احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ، معتدد ہلاک

سابق امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی اور شہری آزادیوں پر پابندیوں کو بھی طالبان حکومت کی شناخت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان عالمی سطح پر خواتین کے حقوق کی پامالی کی علامت بنتا جا رہا ہے، جس پر بین الاقوامی برادری کو سنجیدہ توجہ دینا ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ افغان حکمران عوامی فلاح کے بجائے کنٹرول اور نظریاتی غلبے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس کے براہ راست اثرات عام شہریوں خصوصاً خواتین پر پڑ رہے ہیں۔ ان کے مطابق معلومات تک رسائی محدود کرنا، معاشی مواقع چھین لینا اور سماجی شرکت روک دینا ایسی پالیسیاں ہیں جو اقتدار کو مستحکم کرنے کے لیے اختیار کی جا رہی ہیں۔

مبصرین کے نزدیک اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو افغانستان میں صنفی مساوات اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی ایک بڑا چیلنج بنی رہے گی، اور عالمی برادری پر دباؤ بڑھے گا کہ وہ افغان خواتین کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔